اتوار کو علی الصباح قابض اسرائیلی کے جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں وحشیانہ بمباری کرکے کم سے کم دو فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کے ایک طبی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو علی الصباح صہیونی فوج نے شمالی غزہ میں جنگی طیاروں سے بمباری کی۔
جبالیا کے مقام پر گرائے گئے بموں کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے دو فلسطینیوں کو انڈونیشی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے جبالیا میں مشرقی قبرستان کے قریب بمباری کی۔ بمباری کے بعد ایمبولینسوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دو شہداء کے جسد خاکی اسپتال منتقل کئے۔
شہید ہونے والے فلسطینیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء کے بعد اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں 162 فلسطینی شہید اور 17 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔