فلسطینی وزیر برائے مذہبی امور الشیخ یوسف ادعیس نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو روز مرہ کی بنیاد پر یہودی شرپسندوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں اور خطرناک حملوں کا سامنا ہے۔ مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام کے دفاع کے لیے صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں فلسطینی وزیر نے گذشتہ روز سیکڑوں یہودیوں کے قبلہ اول پر بلوے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہودی شرپسند گروپ مسجد اقصیٰ کو شہید کرکے اس کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی راہ ہموار کررہےہیں۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج اور پولیس کے دھاووں اور نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے منظم ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔
یوسف ادعیس کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کےدفاع کے لیے صرف باتوں کی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام اور عرب ممالک کی طرف سے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں تاکہ یہودی اشرار کےہاتھوں قبلہ اول کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ یہودی انتہا پسند تنظیموں کی اپیل پر گذشتہ روز سیکڑوں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پر فلسطینیوں نے یہودی آباد کاروں کو روکنے کی کوشش کی جس پراسرائیلی فوج اور پولیس نے فلسطینی شہریوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔