اسرائیلی وزراء نے فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی پر عاید کردہ پابندیاں اٹھانے کے بجائے غزہ پر وسیع پیمانے پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں صہیونی وزراء نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر عاید کردہ پابندیوں میں نرمی نہیں کی جائے گی بلکہ غزہ کی پٹی پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی جائے گی۔
اسرائیلی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ یوفال شٹائنٹس نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی کے فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف فوجی کارروائی ہی مسئلے کا حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کےخلاف فوجی کارروائی کے بعد انسانی بنیادوں پر اقتصادی صورت حال کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔
صہیونی وزیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند روز کے دوران غزہ کی پٹی میں امن قائم کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کے بعد کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ ہم آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔