قابض اور نسل پرست صہیونی حکام کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی املاک کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز قابض فوج نے مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر جبل البابا میں ایک اسکول اور خواتین کا ایک بہبودی مرکز مسمار کر دیے۔
مقامی فلسطینی سماجی کارکن عطا اللہ جھالین نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی سول ایڈمنسٹریشن کے اہلکار اور فوجیوں نے بلڈوزروں کے ساتھ جبل البابا میں ایک اسکول اور خواتین سیںٹر پر دھاوا بولا۔
خواتین مرکز اور اسکول میں موجود بچوں اور دیگر افراد کو باہر نکالنے کے بعد انہیں بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے دھمکی دی کہ مسماری پر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ بھاری جرمانوں کی سزائیں دی جاسکتی ہیں۔