امریکا ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے لیے نت نئے حربے اور مکروہ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ امریکا نے سرکاری سرپرستی میں فارسی پروپیگنڈہ چینل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف بغاوت پر اکسانا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا ہےکہ ’فارسی‘ زبان میں نشریات پیش کرنے والے مخصوص ٹی وی چینل کو عن قریب لانچ کیا جائے گا۔ یہ چینل چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر اپنی نشریات پیش کرے گا۔
ریاست کیلیفورنیا میں رونلڈ ریگن فاؤنڈیشن کی ایک تقریب سے خطاب میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ہماری نشریاتی ٹیم ایک نئی چینل کا جلد آغاز کرے گی۔ فارسی زبان میں ٹی وی چینل 24 گھنٹے اپنی نشریات پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ ایران کے خلاف ڈی جی ٹل اور سوشل میڈیا کے ذرائع بھی استعمال کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے نشریات پیش کرنے والے فارسی سیٹلائیٹ چینل کو پوری دنیا میں دیکھا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی 40 ویں سالگرہ پر امریکا کی طرف سے ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے لیے بھرپور پروپیگنڈہ مہم شروع کی ہے۔ مائیک پومپیو اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف مسلسل زہر اگل رہے ہیں۔