شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی دہشت گردی، غزہ اورغرب اردن میں دو فلسطینی شہید

پیر 23-جولائی-2018

فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک 15 سالہ بچہ شہید اور درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

ادھر غزہ کی پٹی میں چند روز قبل اسرائیلی فوج کی احتجاجی ریلی پر فائرنگ  کے دوران زخمی ہونے والا ایک فلسطینی دم توڑ گیا جس کے بعد آج سوموار کو شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔

بیت لحم سے مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے الدھیشہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا اور شہریوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ اس پرفلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ سیدھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید اور کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے بچے کی شناخت ارکان مزھر کے نام سے کی گئی ہے۔ اسے شدید زخمی ہونے کے بعد الدھیشہ  کے الحسین اسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے بچے کو نشانہ بنا کر اس کے سینے میں گولیاں ماریں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ قابض فوج نے تلاشی کی کارروائی کے دوران محمد عدنان ابو عیاش اور جمال الصرعاوی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔

ادھر آج سوموار کو غزہ کے ایک اسپتال میں زیرعلاج ایک زخمی نوجوان 26 سالہ کرم ابراہیم عرفات جام شہادت نوش کرگیا۔ ابراہیم عرفات کو چند روز قبل اسرائیلی فوج نے خان یونس میں ایک احتجاجی ریلی کے دوران گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی