اقوام متحدہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سفیر ریاض منصور نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت نے نیویارک میں اقوام متحدہ کےایک اجلاس میں شرکت کے خواہاں فلسطینی وفد کو ویزہ دینے سے انکار کردیا جس کے نتیجے میں فلسطینی وفد شریک نہیں ہوسکا۔
فلسطینی سفیر نے ایک بیان میں امریکی حکومت کی ہٹ دھرمی کے بارے میں بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی کے چھ رکنی وفد نے اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں شرکت کرنا تھی مگر امریکی حکومت نے انہیں ویزے دینے سے انکار کردیا۔
فلسطینی سفارت کار نے کہا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں فلسطینی وفد کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی مگرامریکی حکومت نے فلسطینیوں کو ویزے دینے سے انکار کردیا جب کہ اسرائیلی وفد کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسرائیل نواز پالیسیوں کے باعث فلسطینی اتھارٹی کے امریکی حکومت کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں جب امریکی حکومت نے فلسطینی وفد کو ویزے دینےسے انکار کیا ہے۔ اس سے قبل بھی فلسطینی رہ نماؤں کو ویزے جاری کرنے کے معاملے میں صہیونی حکومت ٹال مٹول سے کام لیتی رہی ہے۔