قابض صہیونی عدالت نے کل جمعرات کو سابق فلسطینی وزیر برائے القدس امور وصفی قبہا کو انتظامی قید میں منتقل کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے چند روز قبل وصفی قبہا کو جنین میں البساتین کالونی میں سابق فلسطینی وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گھر سے اٹھا لیا تھا۔
اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر کی وصفی قبہا کی بیٹی بیسان نے بتایا کہ اسرائیلی عدالت نے ان کے والد کو پانچ ماہ کی قابل تجدید انتظامی حراست کی سزا سنائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وصفی قبہا کو اسرائیلی جیل سے رہا ہوئے صرف پانچ ماہ ہوئے تھے کہ انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسیر رہ نما کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر بار بار گرفتاریوں اور جیل میں قید رکھے جانے کے باعث کئی امراض کا شکار ہوچکے ہیں۔
انجینیر وصفی قبہاء مجموعی طورپر 15 سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں جس میں زیادہ عرصہ انتظامی قید پر مشتمل ہے۔