فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی جنوبی سرحد پر اسرائیلی فوج کی طرف سے داغے گئے ایک میزائل کے نتیجے میں کم سے کم ایک فلسطینی شہری شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کی شام قابض فوج کے ایک بغیر پائلٹ ڈرون طیارے نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں فلسطینیوں کے ایک گروپ کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔ان میں سے ایک زخمی اسپتال پہنچنے کے فوری بعد دم توڑ گیا۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کی سرحد پر اشکول کے مقام پر ھاون راکٹوں سے حملہ کیا جس کے بعد اسرائیلی فوج کی طرف سے خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نےبتایا کہ جمعرات کی شام اسرائیلی فوج کے ایک ڈرون طیارے نے رفح میں فلسطینیوں کے ایک گروپ پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو غزہ میں یورپی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق شہید فلسطینی کی شناخت 38 سالہ عبدالکریم اسماعیل رضوان کے نام سے کی گئی ہے۔
ادھر اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے اسماعیل رضوان کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید فلسطینی تنظیم کا اہم رکن تھا۔
درایں اثناء اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے میں اسرائیل پر اتش گیر غبارے اور کاغذی جہاز پھینکنے والے ایک فلسطینی مزاحمت گروپ کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی میزائل حملے کے بعد فلسطینی مزاحمت کاروں نے اشکول یہودی کالونی پر تین ھاون راکٹ داغے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔