ایران نے یمن میں جاری لڑائی تین ماہ کے لیے عارضی طور پر بند کرنے اور فریقین کے درمیان جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ان کا ملک عرب ممالک کی سرکردہ شخصیات کی طرف سے یمن میں عبوری جنگ بندی کی تجویز کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تہران یمن میں جاری کشمکش کے پرامن خاتمے کا پرزور حامی ہے اور کسی بھی طرف سے کی جانے والی پرمنصفانہ پرامن مساعی کا خیر مقدم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی جنگ کا فوجی حل قابل قبول نہیں۔ ایران روز اول سے یمن میں بات چیت کے ذریعے اختلافات دور کرنے اور ملک میں جاری جنگ ختم کرنے پر زور دیتا رہا ہے۔
بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کی سرکردہ شخصیات کی طرف سے فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ یمن میں تین ماہ کے لیے جنگ بندی کا اعلان کریں، اس کے ساتھ انسانی امدادی، فریقین میں سیاسی بات چیت اور ملک میں تمام طبقات کی نمائندہ قومی حکومت کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔ ایران کو ان تمام نکات سے اتفاق ہے۔
خیال رہے کہ عرب ممالک کی 19 سرکردہ شخصیات نے یمن کی جنگ ختم کرنے کے لیے تین ماہ کی عبوری جنگ بندی اور اس کے بعد متحارب فریقین کے درمیان جامع مذاکرات پر زور دیا ہے۔
ان شخصیات نے ایران اور سعودی عرب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کی جنگ کو بات چیت کے ذریعے ختم کرائیں اور ملک میں قومی اتفاق رائے کے تحت حکومت کی تشکیل کے لیے اقدامات کریں۔