اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بم باری کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق قابض فوج کی بمباری کے جواب میں غزہ میں مزاحمت کاروں نے اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملے کیے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کے مطابق غزہ کی پٹی سے ’ہوف عسقلان، ساحل عسقلان اور دیگر مقامات پر راکٹ حملے کیےگئے جس کے جواب میں فوج نے غزہ کی پٹی پر بمباری کی ہے۔
ساحل عسقلان میں زیکیم کے مقام پر فلسطینی راکٹ گرنے کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے سوموار اور منگل کی درمیانی شب غزہ کی پٹی میں متعدد مقامات پر جنگی طیاروں سے بم باری اور شمالی غزہ میں توپ خانے سے گولہ باری کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت حانون میں ایک مزاحتمی رصد گاہ پر میزائل داغا۔ جب کہ شمالی غزہ کے علاقوں میں توپ خانے سے گولہ باری کی۔
اسرائیلی فوج نے مشرقی جبالیا میں بھی ایک مزاحمتی مرکز پر میزائل حملہ کیا تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں سوموار کو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے ڈرون طیاروں کے ذریعے گیسی غبارے چھوڑنے والے فلسطینیوں کے ایک گروپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں 40 مقامات پر فضائی حملے، 85 میزائل حملے اور شہری آبادی پر بھاری توپ خانے سے گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے شہید اور 28 شہری زخمی ہوگئے تھے۔