فلسطین کے تاریخی شہر مقبوضہ بیت المقدس اور مراکش کے مشرقی شہر وجدہ کو جڑواں شہر قرار دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دونوں شہروں کو جڑواں قرار دینے کا مقصد القدس کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اس کے اسلامی تاریخی اور عرب تشخص کا دفاع کرنا ہے۔
القدس اور وجدہ شہروں کو جڑواں قرار دینے کے لیے یاداشت پر فلسطینی وزیربرائے ثقافت ایھاب بسیسو اور ان کے مراکشی ہم منصب محمد الاعرج نے دستخط کیے۔
ایھاب بسیسو القدس کے دائمی عرب ثقافتی دارالحکومت کے لیے قائم کردہ نیشنل کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں جب کہ مراکشی شہر وجدہ کو سنہ 2018ء کے لیے عرب دنیا کا ثقافتی دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب القدس کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی سازشیں اپنے عروج پر ہیں۔ امریکی حکومت کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے بعد تل ابیب سے سفارت خانہ بھی القدس منتقل کردیا ہے۔
دونوں شہروں کو جڑواں قرار دینے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام وجدہ شہر میں منعقد کی گئی، جس میں اہم سماجی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔