شام کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی شب ’اسرائیل‘ کے جنگی طیاروں نے حلب کے مشرق میں النیرب ہوائی اڈے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کونقصان پہنچا ہے۔
شام کے ذرائع ابلاغ کے مطابق بمباری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم متعدد بیرکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بمباری کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز شام کے ایک ڈرون طیارے کو پیٹریاٹ میزائل سے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ ڈرون طیارہ مقبوضہ فلسطین کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور پندرہ منٹ کے بعد اسے مار گرایا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ ایک غیرمسلح جاسوس طیارہ تھا۔