غزہ شہر پر اسرائیل کے فضائی حملے میں دو فلسطینی نو عمر شہید اور 25 زخمی ہوگئے ہیں ۔ فلسطینی وزارت صحت نے ان کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
صہیونی فوج نے یہ فضائی حملہ مبینہ طور پر غزہ سے اسرائیلی قصبوں اور دیہات پر راکٹ حملوں کے جواب میں کیا ہے۔ فلسطینی تنظیموں نے ہفتے کے روز اسرائیل کے سرحدی دیہات اور قصبوں کی جانب بیسیوں راکٹ برسائے ہیں۔ شہید ہونے والے بچوں کی شناخت 15 امیر نمرہ اور16 سالہ لوئی کحیل کے نام سے کی گئی۔
قبل ازیں اطلاعات آئی تھیں کہ غزہ کی پٹی سے عسقلان کی جانب راکٹ آنے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا لیکن یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا اس اسرائیلی شہر پر کوئی راکٹ گرا بھی ہے یا نہیں۔
ایک اور اسرائیلی قصبے پر فلسطینیوں کے راکٹ حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے آج غزہ کی پٹی میں مزاحمتی تنظیموں کے متعدد اہداف کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے جبکہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی اسرائیل کے سرحدی دیہات کی جانب راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے ہیں ۔
ایک عینی شاہد نے رائیٹرز کو بتایا ہے کہ غزہ کی سرحد کے نزدیک واقع اسرائیلی قصبے سدیروت میں راکٹ گرنے سے دو عورتیں زخمی ہوگئی ہیں۔مغربی خبررساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اگر عسقلان کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو یہ اس بات کی علامت ہوگی کہ فلسطینی مزاحمت کار اسرائیل کے اندر تک پہنچنے اور اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔