مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب اور ممتاز فلسطینی عالم دین الشیخ اسماعیل نواھضہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کو صہیونی ریاست کی جانب سے منظم نسل کشی کا سامنا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ میں جمعہ کےاجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ’خان الاحمر‘ سے فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنا فلسطینی قوم کی منظم نسل کشی کے مترادف ہے۔
اسماعیل نواھضہ کا مزید کہنا ہے کہ خان الاحمر کے نہتے فلسطینی باشندوں کے گھر مسمار کرنا، انہیں وہاں سے طاقت کے ذریعے بے دخل کرنا اور انہیں بدترین ظلم کے ذریعے شہر سے بے دخل کرنا منظم نسلی تطہیر ہے اور اس نسلی تطہیر کا سامنا پوری فلسطینی قوم کو ہے۔
امام قبلہ اول کا کہنا تھا کہ خان الاحمر کے فلسطینی باشندوں پر ان کے اپنے وطن میں زمین تنگ کردی گئی ہے۔ غزہ کی پٹی کے عوام پر بارہ سال سے ظالمانہ محاصرہ مسلط ہے۔ فلسطینیوں کی منظم نسل کشی اور ان کی ناکہ بندی پرعالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مقانی تقسیم کی سازشیں کررہے ہیں۔ انتہا پسند یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول پر یلغار میں مسلسل اضافہ ہو چکا ہے۔ امام قبلہ اول نے مسجد اقصیٰ اور فلسطین کےحوالے سے اپنی سیاسی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیا ہے۔