اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت کا مزاحمت کاروں کی جانب سے فوری اور منہ توڑ جواب فلسطینی مزاحمت کی بیداری اور طاقت کی علامت ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے نمٹنے کے لیے فلسطینی مزاحمتی قوتوں کا فوری حرکت میں آنا مزاحمتی قوتوں کے کشمکش کے ویژن کے واضح ہونے اور بیداری کی کیفیت کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی قوتیں صہیونی دشمن کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ ان کے پاس دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو غزہ کی پٹی پر جارحیت سے روکنے کی صلاحیت پر یقین اور خود پر مکمل بھروسہ ہے۔
حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کا دفاع ان کی جماعت کی اولین ترجیح اور تزویراتی فیصلہ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے آج ہفتے کو غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے جس کے فوری بعد فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے دشمن کے ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کی گئی۔