افریقی ملک مراکش سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ محمد ربوحات فریضہ حج کی ادائی کے لیے سائیکل پر اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ چھ ممالک کو سائیکل پر عبور کرکے فریضہ حج کی ادائی کے لیے سرزمین حجاز پہنچیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق آج کے اس جدید اور تیز ترین نقل وحمل اور مواصلات کے دور میں سائیکل پر حجاز کا سفر کرنے والے محمد ربوحات کا کہنا ہے کہ وہ اس انداز سفر سے افریقی اقوام اور عالم اسلام کے لیے محبت اورامن کا پیغام عام کرنا چاہتےہیں۔
سوموار کو ربوحات تین ماہ اور آٹھ دن کا سفر طے کرنے اور موریتانیہ، مالی، بورکینا فاسو، نیجر اور چاڈ سے گذرتے ہوئے چھٹے اسٹیشن پر سوڈان کے دارالحکومت خرطوم پہنچے۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ربوحات نے بتایا کہ انہوں نے مراکش کے شمال مشرقی شہر مکناس سے یکم اپریل کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے تین ماہ اور چند دن کے سفر میں چھ ممالک کو عبور کرکے سوڈان پہنچے ہیں جہاں سے وہ سعودی عرب کے سفر کے لیے جزیرہ سواکن کو عبور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں طویل عرصےس ے مراکش سے حجاز مقدس پر سائیکل پر سفر کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ اب وہ اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ جزیرہ سواکن ان کے سفر کا آخری مرحلہ ہے جس کے بعد وہ سعودی عرب میں داخل ہوجائیں گے۔