جمہوریہ سلوا کیا نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں سلواکیا کے سفارت خانے کی تل بیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سلواکیا کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سلواکیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر’انڈریہ ڈانکو‘ نے اپنےسرکاری دورہ اسرائیل کے دوران تل ابیب سے اپنے سفارت خانے کی القدس منتقلی کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔
ادھر تل ابیب میں سلواکیا کے سفارت خانے کی طرف سے اپنی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ سلواکیا نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا ہے اور وہ جلد ہی اپنا سفارت خانہ بھی بیت المقدس منتقل کرے گا۔
سلواکیا کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ملک کی حیثیت سے بیت المقدس کے تنازع کے حتمی حل تک کوئی فیصلہ نہیں کرےگا۔ القدس کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینی اور اسرائیلی باہمی بات چیت کے ذریعے طے کریں۔