ایک نئی سائنسی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 40 سال سے کم عمر میں شادی کرنے والی خواتین کی اکثریت کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا شوہر تعلیم یافتہ ہو جو ان کے مستقبل کے حوالے سے ان کے لیے مفید ثابت ہوسکے۔
آسٹریلیا کی کوئیزلینڈ یونیورسٹی کے زیراہتمام کی گئی تحقیق سائنسی جریدے ’نفسیاتی سائنس‘ میں شائع کی گئی ہے۔ اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ چالیس سال سے کم عمر کی خواتین شادی کے لیے اپنے شوہر کے تعلیمی معیار کو بنیادی اہمیت کا حامل سمجھتی ہیں۔
تحقیق کے لیے 41 ہزار افراد کی آراء شامل کی گئیں۔ تحقیق کے نگران اسٹیفن وائیٹ نے بتایا کہ تحقیق کے دوران ماہرین نے شریک حیات کے انتخاب کے حوالے سے مردو خواتین کے خیالات اور عمر میں پائے جانے والے فرق کا جائزہ لیا۔
وائیٹ کا کہنا ہے کہ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ چالیس سال کی عمر کے بعد مرد خواتین کی نسبت تعلیم کے معاملے میں زیادہ محتاط ہوجاتے ہیں۔
’میڈیکل ایکسپریس‘ ویب سائیٹ نے آسٹریلوی ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ چالیس سال سے کم عمر کی خواتین اپنے ہونے والے شریک حیات کی تعلیم، پیشے اور آمدنی کےحوالے سے زیادہ محتاط ہوتی ہیں۔