جمعه 15/نوامبر/2024

سعودی عرب اور امارات یمن میں جنگی جرائم کے مرتکب ہیں: ایمنسٹی

جمعرات 5-جولائی-2018

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ نے بدھ کے روز جاری ایک رپورٹ میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر یمن کی جنگ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام عاید کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایمنسٹی کی طرف سے جاری کردہ ریک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں خلیجی عرب ممالک یمن کی جنگ میں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں۔ انہیں فرانس کی طرف سے اسلحہ کی فروخت ناقابل قبول ہے۔

یہ رپورٹ فرانس کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو سنہ2017ء کے دوران اسلحہ کی فروخت کی تفصیلات سامنے آنے کےبعد سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں یمن کی جنگ میں ملوث عرب ملکوں کو اسلحہ کی فروخت پر فرانس پر بھی شدید تنقید کی گئی ہے اور کہا ہے کہ جنگی جرائم میں ملوث ممالک کو اسلحہ کی فروخت جرائم میں معاونت کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ فرانسیسی خاتون وزیر دفاع فلورنس پارلی نے پارلیمنٹ میں ایک رپورٹ پیش کی تھی جس میں بتایا گیا ہے کہ 2017ء کے دوران پیرس نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کو 60 فی صد اسلحہ فروخت کیا۔ ان میں سعودی عرب اور امارا ت سب سے بڑے خریدار ہیں۔ مجموعی طورپر مشرق وسطیٰ کے ممالک کو 8 ارب ڈالر کا جنگی سازو سامان فروخت کیا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا یمن کی جنگ میں کردار مشکوک ہے اور یہ ممالک انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی