جمعه 15/نوامبر/2024

ایران کا اسرائیل پر بادل چوری کرنے کا الزام

بدھ 4-جولائی-2018

ایران کے شہری دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے اسرائیل اور ایک اور دوسرے ملک پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایران کے بادلوں کو چُرایا جس کے نتیجے میں ایران میں ماحولیاتی تبدیلی اور خُشک سالی نے جنم لیا۔ رضا جلالی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک عسکری کمانڈر ہیں۔

ایرانی نیوز ایجسنی اِسنا نے پیر کے روز جلالی کے حوالے سے بتایا کہ "ایران میں دیکھی جانے والی ماحولیاتی تبدیلیاں غیر قدرتی اور بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہیں۔ ایرانی سائنسی مراکز اپنے تحقیقی مطالعوں کے ذریعے اس نتیجے تک پہنچے ہیں”۔

جلالی نے مزید کہا کہ "اسرائیل اور ایک دوسرے ملک کی مشترکہ ٹیم ایران میں داخل ہونے والے بادلوں کو غیر برساتی بنانے پر کام کر رہی ہے۔ لہذا ہمیں بادلوں اور برف کی چوری کا سامنا ہے۔ بحیرہ روم تک افغانستان کے بالائی علاقوں کا جائزہ لینے والے تحقیقی مطالعوں کے مطابق 2200 میٹر تک بلند تمام پہاڑیوں پر برف موجود ہے مگر ہماری پہاڑیاں خشک ہیں”۔

ایرانی عہدے دار کا یہ بیان ملک کے جنوب مغرب بالخصوص دو شہروں المحمرہ اور عبادان میں پانی کی آلودگی اور قلت کے سبب پھوٹ پڑنے والے عوامی احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔ مظاہرین نے حکام پر بد انتظامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے علاقے کا پانی دیگر علاقوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایران میں پانی کی قلت پر احتجاج دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کئی ماہ قبل اصفہان شہر میں کاشت کار اپنے صوبے میں پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کے لیے نکل آئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی