فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے قریب قائم کی گئی ایک نئی یہودی کالونی ’عمیحائی‘ کے آباد کاروں اور انتظامیہ نے گندا پانی فلسطینی زرعی اراضی پرچھوڑ دیا جس کے نتیجے میں’ترمسعیا‘ قصبے میں وسیع علاقے میں فلسطینی فصلیں زیرآب آ کر تباہ ہو گئیں۔
عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ کے مطابق یہودی آباد کاروں نے ایک بڑی سوریج لائن کا آلودہ اور گندہ پانی فلسطینی فصلوں پرچھوڑ دیا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کے زیرکاشت وسیع رقبے پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔
عبرانی اخبار کے مطابق ’عمیحائی‘ یہودی بستی حال ہی میں تعمیر کی گئی ہے جس میں 40 یہودی خاندان آباد ہیں۔ یہ کالونی اسرائیلی مشیر قانون اوی حائی منڈلبلیٹ کے حکم پر فلسطینی اراضی غصب کرنے کے بعد تعمیر کی گئی ہے۔ کالونی میں ضم کیا گیا زیادہ تر رقبہ فلسطینیوں کی نجی اراضی سے لیا گیا ہے۔
ایک مقامی فلسطینی کاشت کار نے بتایا کہ اسرائیلی آباد کاروں نے ایک سازش کے تحت سوریج کا گندا پانی ان کے کھیتوں پر چھوڑ دیا جس کے نتیجے میں وسیع علاقے پر سبزیوں اور فصلوں کے کھیتوں میں موجود فصلات کو نقصان پہنچا ہے۔