فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کی شرپسندانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عوریف کے مقام پر یہودی آباد کاروں نے گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کردیے اور گاڑیوں پر اور گھروں کی دیواروں پر عبرانی زبان میں نسل پرستانہ نعروں کی چاکنگ کی۔
مقامی فلسطینی سماجی کارکن غسان دغلس نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ ’یتسھار‘ یہودی کالونی کے آباد کاروں نے جنوبی نابلس میں عوریف کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کردیے اور گاڑیوں پر عبرانی زبان میں فلسطینیوں، مسلمانوں اور عربوں کے خلاف نفرت آمیز نعروں کی چاکنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے مقامی شہریوں غالب رضوان احمد، عامر اور ان کے بیٹے محمود کی گاڑیوں کو پنکچر کردیا۔
خیال رہے کہ یہودی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کی املاک پر حملوں کا سلسلہ روز کا معمول ہے۔ آئے روز یہودی شرپسند فلسطینیوں کی گاڑیوں، گھروں اور دیگر املاک پر حملے کرکے انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔