جمعه 15/نوامبر/2024

ہالینڈ کی غرب اردن میں فلسطینی املاک کی مسماری کی شدید مذمت

جمعہ 29-جون-2018

ہالینڈ نے فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی املاک اور مکانات مسماری کی کارروائیوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہالینڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے گھروں کو مسمار کرنا اور فلسطینیوں کو مکان کی چھت سے محروم کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی لوٹ مار مہم، مکانات کی مسمار اور غاصبانہ قبضہ باعث تشویش ہے۔ ہالینڈ حکومت غرب اردن میں یہودی توسیع پسندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر فوری پابندی عاید کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہالینڈ کی حکومت یورپی یونین کے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر غرب اردن میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ جاری رکھے گی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی حکام غرب اردن کے سیکٹر ’C‘ میں فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینیوں کو اس سیکٹر میں مکانات یا کسی بھی دوسری نوعیت کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

سیکٹر ’C‘ غرب اردن کے60 فی صد رقبے پر مشتمل ہے اور اس پورے سیکٹر پر صہیونی ریاست نے فوجی ، انتظامی اور قانونی کنٹرول قائم کررکھا ہے۔ اس سیکٹر میں دھڑا دھڑ یہودیوں کے لیے مکانات کی تعمیرجاری ہے اور فلسطینی آبادی پرعرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی