چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی کی حالت بگڑنے کے بعد اسپتال منتقل

بدھ 27-جون-2018

اسرائیلی حکام نے زیرحراست ایک فلسطینی اسیرہ کی مدت حراست میں مزید توسیع کردی ہے جب کہ ایک مریض اسیر کی حالت خراب ہونے کے بعد اسے جیل کی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عسقلان‘ کی فوجی عدالت نے اسیرہ صفاء ابو حسین کی مدت حراست میں مزید آٹھ دن کی توسیع کی ہے اور اسے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ صفاء حسین کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل میں قید 35 سالہ ایاد احمد موسیٰ حریبات کو ’عسقلان‘ جیل سے الرملہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حریبات کا تعلق الخلیل شہر کے علاقے دورا سے ہے اور وہ سنہ 2014ء سے پابند سلاسل ہے۔

شدید بیماری کے باعث اسیر حریبات اپنی مدد آپ کے تحت ٹوائلٹ بھی نہیں جاسکتا اور قضائے حاجت کرنے سے بھی قاصر ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید چھ ہزار فلسطینیوں میں 54 خواتین، 350 بچے اور 430 انتظامی قیدی ہیں جب کہ سیکڑوں فلسطینی اسیر مختلف امراض کا بھی شکار ہیں جو بیماری اور اسیری کےساتھ صہیونی ریاست کی مجرمانہ غفلت کا بھی شکار ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی