پنج شنبه 08/می/2025

’اسکائی سپوٹر‘ سسٹم غزہ کی سرحد پر فلسطینی آتشی کاغذی جہازوں کا توڑ

اتوار 24-جون-2018

اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر ایک نیا الیکٹرانک سسٹم نصب کرنا شروع کیا ہے۔’اسکائی سپوٹر‘ کے نام سے سامنے آنے والے اس سسٹم کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فلسطینیوں کے آتشی کاغذی جہازوں اور گیسی غباروں کا موثر توڑ ثابت ہوگا۔

اسرائیلی اخبار’ٹائمز آف اسرائیل‘ نے انکشاف کیا ہے کہ ’اسکائی سپوٹر‘ سسٹم کو حال ہی میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ نظام غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی جانب سے پھینکے گئے آتش گیر کاغذی جہازوں کی نشاندہی کرنے میں مدد دے گا اور ان کاغذی جہازوں اور گیسی غباروں کو زمین پر گرنے سے قبل ہی تلف کیا جاسکے گا۔

عبرانی اخبار کے مطابق نیا سسٹم سرحد پر نگرانی اور مانیٹرنگ کے عمل میں موثر ثابت ہوگا۔ اس سسٹم کی مدد سے نشاندہی ہونےکے ساتھ ہی متاثرہ مقامات پر فائربریگیڈ کی ٹیمیں روانہ کی جائیں گی جو گیسی غباروں کے گرنے سے لگنے والی آگ پر کم سے کم وقت میں قابو پا  لیں گی۔

اخباری رپورٹ کے مطابق’ اسکائی سپوٹر‘ کو اسرائیل کی دفاعی آلات تیار کرنے والی ’رفائیل‘ کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس کی تنصیب کا کام آئندہ چند ایام میں مکمل کرلیا جائے گا۔

خیال رہے کہ غزہ کی سرحد پر 30 مارچ سے فلسطینی حق واپسی کے لیے مظاہرے کررہے ہیں۔ یہ مظاہرین سرحد کی دوسری طرف گیسی غبارے اور آتش گیر کاغذی جہاز پھینکتے ہیں جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر فصلوں میں آگ لگنے سے صہیونی ریاست کو غیرمعمولی نقصان پہنچ رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے اس غیر مہلک مزاحمتی اسلوب پرصہیونی شہ دماغ حیران ہیں اور اس کا کوئی موثر توڑ تیارکرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی