چهارشنبه 30/آوریل/2025

سعودی ولی عہد اور نیتن یاھو کی اردن میں خفیہ ملاقات کا انکشاف

ہفتہ 23-جون-2018

اسرائیل کے ایک موقر عبرانی اخبار ’معاریف‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ سوموار کو اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اردن میں خفیہ ملاقات کی تھی۔

عبرانی اخبار کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان یہ ملاقات شاہی محل میں ہوئی جس کے اگلے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور داماد جارڈ کوشنر  اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی مندوب جیسن گرین بیلٹ نے بھی اردنی فرمانروا سے ملاقات کی تھی۔

عبرانی اخبار کے سیاسی تجزیہ نگار جاکی حوجی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نیتن یاھو کی عمان آمد سے قبل ہی شاہی محل پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے کچھ دیر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کا انتظار کیا۔

اسرائیلی نامہ نگار نے بتایا کہ اسے اس ملاقات کا احوال ایک قریبی دوست نے بتایا جو اس عمان میں موجود تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کےدرمیان براہ راست روابط ہیں اور ان روابط کو اردنی فرمانروا کی کوششوں سے مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کوشنر اور گرین بیلٹ نے گذشتہ روز بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم بنجم نیتن یاھو سے ملاقات کی تھی۔ وہ اس سے قبل اردن، مصر اور قطر کا دورہ کرچکے ہیں جب کہ اگلے مرحلے میں وہ سعودی عرب جائیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اسرائیل سے در پردہ روابط کے حوالے سے خبریں پہلے بھی آتی رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطینی ریاست کے قیام یا فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل کے حوالے سے جو امن فارمولہ پیش کر رہے ہیں اس میں فلسطینی ریاست کو غرب اردن کے بعض علاقوں کے اندرمحدود کردیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ میں امریکی امن اسکیم کو’صدی کی ڈٰیل‘ کے عنوان سے پیش کیا جا رہا ہے۔ اسی اسکیم کو عملی شکل دینے کے لیے امریکی مندوبین ان دنوں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی