ماہرین صحت نے ایک تازہ تحقیق میں حیران کن انکشاف کیا ہے کہ شادی شدہ افراد غیر شادی شدہ افراد کی نسبت عارضہ قلب کا کم شکار ہوتے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی ماہرین اور سائنسدانوں کی تیار کردہ تحقیق اخبار ’ہیرٹ‘[دل] میں شائع کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ’کنوارے افراد کو شادی شدہ افراد کی نسبت امراض قلب کے لاحق ہونے کے زیادہ خطرات درپیش ہوتےہیں‘۔
اس تحقیقی مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ شادی شدہ افراد چونکہ ایک دوسرے کی صحت اور خوراک کا زیادہ خیال رکھتے ہیں۔ ایک دوسرے کو مضر صحت غذائوں کے استعمال سے روکتے ہیں اور ایک دوسرے سے زیادہ ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس کے انسانی دل کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اخبار ’نیوز ویک‘ کے مطابق یہ تحقیق دراصل اس نوعیت کے 34 دیگر تحقیق مقالہ جات کی روشنی میں تیار کی گئی ہے اور ان کی تیاری میں 10 لاکھ کے قریب لوگوں کو شامل کیا گیا۔ ان میں شادی شدہ اور غیر شادی شدہ دونوں شامل تھے۔