اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں واقع تاریخی مسجد ابراہیمی کے قریب صہیونی ریاست کی تاریخ میں پہلی بار پولیس مرکز قائم کیا ہے۔
عبرانی ٹی وی چینل 7 کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس مرکز مسجد ابراہیمی کے قریب ایک یہودی کالونی میں قائم کیا گیا ہے اور سنہ 1948ء کو ارض فلسطین میں قیام کے بعد یہ اس علاقے میں اسرائیلی پولیس کا پہلا مرکز ہے۔
پولیس تھانے کا افتتاح اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر گیلا اردان نے کیا۔ اس موقع پر اردان نے کہا کہ ’ہم اپنے آباؤ اجداد کے شہر پراپنی بالادستی اور سیادت کو مستحکم کررہے ہیں‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسجد ابراہیمی کے قریب قائم کردہ نیا پولیس مرکز الخلیل کی کریات اربع اور دیگر یہودی کالونیوں کے 30 ہزار آباد کاروں کو خدمات فراہم کرے گا۔
درایں اثناء مسجد ابراہیمی کے ڈائریکٹر حفظی ابو سنینہ نے اسرائیلی پولیس سینٹر کے قیام کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور شہر میں صہیونی اجارہ داری کے حجم میں اضافے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مسجد ابراہیمی کے قریب پولیس مرکز کے قیام سے مسجد کو مزید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اور اسرائیلی پولیس اس کی آڑ میں مسجد میں آنے والے نمازیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔