چهارشنبه 30/آوریل/2025

’یہودی آباد کاری کے باعث الخلیل شہر آفت زدہ شہر قرار دیا جائے‘

جمعہ 22-جون-2018

تنظیم آزادی فلسطین کے ایک سینیر عہدیدار نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب اسرائیلی پولیس کے مرکز کے قیام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل نے الخلیل شہر میں بڑے پیمانے پر توسیع پسندی اور یہودی آباد کاری جاری رکھی ہوئی ہے جس پر اسے آفت زدہ علاقہ قرار دیا جانا چاہیے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’پی ایل او‘ کےپیپلز کمیٹیز کے سیکرٹری جنرل انجینیر عزمی الشیوخی نے رام اللہ میں ایک بیان میں کہا کہ مسجد ابراہیمی کے قریب ایک اسرائیلی پولیس سینٹر کا قیام شہر میں یہودی آباد کاری کی توسیع کا ایک نیا حربہ ہے۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس سینٹر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس نے مسجد ابراہیمی کے قریب 1948ء کے بعد پہلی بار پولیس کا مرکز قائم کیا ہے۔ گذشتہ روز اس پولیس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان اور انسپکٹر جنرل پولیس رونی الشیخ بھی موجود تھے۔

عزمی الشیوخی نے کہا کہ صہیونی ریاست مختلف حیلوں اور حربوں کی مدد سے الخلیل شہر کو یہودی آبادی کا گڑھ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اسرائیلی آباد کاری کی سرگرمیوں کے باعث الخلیل شہر کو آفت زدہ شہر قرار دیا جانا چاہیے۔

مختصر لنک:

کاپی