فلسطین کے علاقے غزہ میں تحریک حق واپسی کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج ’جمعہ وفاء زخمیان‘ منایا جا رہا ہے۔ فلسطین کی مذہبی، سیاسی، قومی اور انسانی حقوق کی انجمنوں نے غزہ کے عوام سے مشرقی سرحد پر جمع ہونے اور جمعہ وفاء زخمیاں کے حوالے سے ہونے والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی کی سپریم قومی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج 22 جون جمعۃ المبارک کو ’زخمیوں سے عہد وفاء‘ کے طورپر منایا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے آج جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مشرقی سرحد پر صہیونی ریاست کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جمعہ وفاء زخمیان‘ کی مناسبت سےآج غزہ میں کئی مقامات پر ریلیاں اور پرامن جلوس نکالے جائیں گے جن میں فلسطینی قیادت اور شرکاء حق واپسی، غزہ پر مسلط ظالمانہ ناکہ بندی ختم کرنے، فلسطینیوں کے متبادل ملک کی سازشوں اور امریکا کی’صدی کی ڈیل‘ کی سازش کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
مشرقی غزہ میں سب سے بڑا جلوس مقامی وقت کے مطابق عصر کے بعد سے شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ میں30 مارچ 2018ء کو ’یوم الارض‘ کے بعد سے تحریک حق واپسی جاری ہے۔ غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینی شہریوں نے 5مقامات پر خیمے لگا رکھے ہیں جن میں موجود فلسطینی روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کرتے ہیں تاہم جمعہ کے ایام میں احتجاج میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ اسرائیلی فوج فلسطینی مظاہرن کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کرتی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 142 فلسطینی مظاہرین شہید اور 15ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔