قابض صہیونی ریاست کی فلسطین دشمنی کے تحت فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کا ظالمانہ سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز قابض فوج اور اسرائیلی بلدیہ نے ایک کارروائی کے دوران بیت المقدس کے نواحی علاقے قلندیا میں ایک فلسطینی خاندان کا مکان غیرقانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا۔
مقامی صحافی محمود عوض اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نری نے دو بلڈوزروں کے ہمراہ مکان کا گھیراؤ کرنے سے قبل اس کے اطراف میں موجود درخت اکھاڑ پھینکے۔ بعد ازاں بلڈوزروں کی مدد سے مکان کو مسمار کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ مکان کے مالکان نے اسرائیلی سپریم کورٹ سے مکان کی عدم مسماری کے حق میں فیصلہ لے رکھا تھا مگر قابض فوج نے عدالتی حکم کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے مکان مسمار کرڈالا۔
عوض اللہ نے بتایا کہ قلندیا میں 20 گھروں کے مسمار کیے جانے کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ دیوار کی عقب میں واقع کئی دوسری فلسطینی املاک بھی مسمار کیے جانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
مکان کی مسماری کے نتیجے میں اس میں رہنے والے فلسطینی بچے، خواتین اور دیگر تمام افراد کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔