قبلہ اول پر یہودی شرپسندوں کی یلغار کے جلو میں ایک خطرناک پیش رفت اور بھی سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے ’باب الرحمۃ‘ کے مرکزی ہال کی چھت پر چیک پوسٹ قائم کرلی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ شب اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے باب الرحمۃ ٹیلے پر دھاوا بولا۔ اسرائیلی فوج نے باب الرحمۃ کے بالمقابل الرحمۃ قبرستان کی بے حرمتی کرنے، اس میں موجود زیتون اور دیگر درخت اکھاڑنے اور پتھر کی سیڑھیاں اکھاڑنے کے بعد باب الرحمۃ کے چھت پر چڑھ کر ایک چیک پوسٹ قائم کرلی۔
بیت المقدس کے مقامی فلسطینی قانون دان ایڈووکیٹ خالد زبارقہ نے صہیونی فوج کی اس کارروائی کو تخریب کاری قرار دیاْ۔
سوشل میڈیا پرپوسٹ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے تاریخی دروازے کی چھت کو چیک پوسٹ میں تبدیل کرنا یہودی شرپسندوں کو قبلہ اول کی بے حرمتی کا مزید حوصلہ مہیا کرنا اور ان میں قبلہ اول کو نقصان پہنچانے کی جرات پیدا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز 103 یہودی شرپسندوں کے دھاوے کے بعد مراکشی دروازے کو بند کردیا گیا تھا۔