قابض اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک 13 سالہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ 13 سالہ زکریا بشبش گذشتہ ماہ مشرقی البریج میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگیا تھا۔
اسے شدید زخمی حالت میں غزہ کے الشفاء اسپتال کےانتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا جہاں وہ گذشتہ شام دم توڑ گیا۔
الشبش کی شہادت کے بع 30 مارچ 2018ء سے مشرقی غزہ میں جاری عظیم الشان حق واپسی تحریک کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 136 ہوگئی ہے۔ ان میں سے سات شہداء کے جسد خاکی صہیونی فوج نے اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں جب کہ 13 ہزار سے زاید فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔