اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس اور اسرائیل نے شام کے تنازع کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر غور شروع کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عبرانی میڈیا میں آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ روسی ملٹری پولیس چیف جنرل ولادی میر ایوانوفسکی نے اسرائیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسرائیلی عسکری قیادت سے ملاقات میں شام کے تنازع کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان قربت اور ہم آہنگی پیدا کرنے پر بات چیت کی۔
اخباری رپورٹس کے مطابق روسی عسکری عہدیدار نے اپنے دورہ اسرائیل کے دوران جنوبی شام بالخصوص اسرائیل کی سرحد سے متصل علاقوں میں کشیدگی کم کرنے سے اتفاق کیا۔
روسی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جنوبی شام میں حالات کو پرامن رکھنے اور وادی گولان میں ایرانی حمایت یافتہ فورسز کو دور رکھنے کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے روسی صدر ولادی میر پوتین سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شام کا معاملہ اور اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔