مراکش کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ملٹری فیلڈ اسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔ اسپتال کا کنٹرول مراکشی حکام کے پاس ہوگا تاہم اس میں مقامی فلسطینی انتظامیہ کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔
مصر میں مراکش کے سفیر احمد التازی نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں فیلڈ اسپتال کا افتتاح کیا۔ اس اسپتال کے قیام کا مقصد غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مراکشی سفیر نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں چند روزہ قیام کے دوران انہیں بے پناہ عزت واحترام دیا گیا۔
ادھر فیلڈ اسپتال کے نگران کرنل احمد ابو نعیم نے ایک بیان میں کہا کہ فیلڈ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کی تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں 13 ڈاکٹر اور 21 نرسیں خدمات انجام دیں گی جب کہ 60 بیڈ قائم کیے گئے ہیں۔ مجموعی طورپر فیلڈ اسپتال میں 124 افراد کام کریں گے۔
درایں اثناء فلسطینی سیکرٹری خارجہ غازی غمد نے ایک بیان میں مراکش کی جانب سے غزہ میں فیلڈ اسپتال کے قیام پر رباط کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ مراکش کی حکومت اور فرمانروا شاہ محمد ششم نے بروقت غزہ کی پٹی کےعوام کی داد رسی کے لیے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور انتہائی کم وقت میں اس فیصلے کو عملی شکل دے دی۔