آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے اور اس کے جسمانی صحت پر مرتب ہونے والے بے پناہ اثرات پر بھی دنیا بھر میں ماہرین تحقیقات کررہے ہیں۔ امریکا کی ’ای اینڈ ایم‘ یونیورسٹی کے زیراہتمام کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آم معدے کے نظام انہضام کو درپیش مسائل اور بیماریوں کا جادووئی علاج ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آم میں موجود دیگر طبی خواص میں پروٹینز اور مغذیات جنہیں سائنسی اصطلاح میں ’پولیفینل‘ کہا جاتا ہے کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پولیفینل قبض اور انفیکشن کے علاج میں معاون اور آم میں موجود فائبر معدے کی آنتوں کے لیےغیرمعمولی طور پر مفید ہے۔
تحقیق کی تیاری میں شامل ڈاکٹر سوزان مارٹنز ٹاکلوٹ کا کہنا ہے کہ قبض کے شکار افراد کے لیے آم ایک مکمل علاج ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیق کے دوران مستقل قبض کےمریضوں کو روزانہ 300 گرام آم کھلائے گئے جب کہ جبکہ دوسرے گروپ کو فائبرسپلیمنٹ دیے گئے۔ دونوں گروپوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے تاہم آم استعمال کرنے والے افراد کی صحت دوسروں کی نسبت زیادہ بہتر ثابت ہوئی۔