ایران کے دارالحکومت تہران میں کل جمعہ کے روز ’یوم القدس‘ کی مناسبت سے عظیم الشان ملین مارچ کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام وخواص سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تہران میں نکالی جانے والی ’یوم القدس ملین مارچ‘ ریلی سے خطاب کرتےہوئے مقررین نے فلسطین میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی مذمت، فلسطینیوں کا قتل عام بند کرانے، مشاعر مقدسہ کی بے حرمتی کا سلسلہ روکنے، فلسطینی تحریک انتفاضہ کو سپورٹ کرنے اور پوری دنیا میں دفاع فلسطین ریلیاں نکالنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تہران کے علاوہ ایران کے کم سے کم 900 شہروں میں ’یوم القدس‘ ریلیاں نکالی گئیں۔ سب سے بڑا مظاہرہ تہران میں ہوا جس میں لاکھوں فراد نے شرکت کی۔ مقررین میں سابق صدر محمود احمدی نژاد اور کئی دیگر اعلیٰ شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فارسی میں ’اسرائیل اور امریکا مردہ باد‘ کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے صہیونی ریاست کے فلسطینی قوم پر ڈھائے جانے والے لا متناعی سلسلے کو ختم کرنے پر زور دیا۔ ریلی کے آخر میں شرکاء نے اسرائیلی اور امریکی پرچم نذرآتش کئے اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ القدس کی آزادی کے لیے اسلامی لشکر تشکیل دیں۔