اسلامی جمہوریہ ایران نے ماہ صیام کے آخری جمعۃ المبارک کو دنیا بھر میں دفاع القدس کے لیے ہونے والی ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایران کی مجلس خبر گان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں عالم اسلام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’عالمی یوم القدس‘ کو پورے مذہبی جذبے کے ساتھ منائیں اور پوری دنیا میں دفاع القدس کے لیے ریلیاں، جلوس اور مظاہرے منعقد کیے جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عالمی یوم القدس‘ عالم اسلام کی بیداری کا امتحان ہے اور اس روز پوری مسلم امہ کو اپنےفروعی، سیاسی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کرالقدس کے خلاف امریکی ۔ صہیونی سازش کو ناکام بنایا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور اس کی حامی طاقتیں ڈھٹائی کے ساتھ قبلہ اول کو یہودیانے، اسے شہید کرنے، القدس کو یہودیوں کا گڑھ بنانے اور پورے فلسطین کو عالم اسلام سے چھیننے کی سازشیں کررہے ہیں۔ ان سازشوں کی روک تھام کے لیے مسلم امہ کو بھی اتنی بیداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
بیان میں امریکا کی جانب سے سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کو القدس اور پورے فلسطین کے خلاف گہری امریکی، صہیونی سازش قرار دیا اور کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل القدس پر قبضہ کرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیل رہے ہیں۔
بیان میں پورے عالم اسلام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یوم القدس کے موقع پردنیا بھر میں القدس ریلیوں کی شکل میں اپنی بیداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ایران کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے صہیونی ریاست کی جامع امداد اور دہشت گردی کی آڑ میں صہیونی ریاست کی مدد فلسطینیوں کے اجتماعی قتل عام میں صہیونیوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ امریکا کا اصل مقصد مشرق وسطیٰ میں اپنی ناجائز اولاد اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔