فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں کےدوران گذشتہ ہفتے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سات فلسطینی شہید کردیے گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں مجموعی طورپر 119 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ اس دوران قابض فوج نے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ اور براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں سات فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
گذشتہ ہفتہ کی شہداء میں غزہ کی 21 سالہ رزان اشرف النجار نامی ایک طبی امدادی کارکن بھی شامل ہیں جنہیں مشرقی خان یونس میں ایک احتجاجی کیمپ کے دوران زخمیوں کی مرہم پٹی کرتے ہوئے گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔
جمعرات کے رعوز غزہ اور غرب اردن میں 15 مقامات پر تصادم ہوا۔ القدس میں العیساویہ،غزہ میں کیبوٹزنیر، کبیوٹیز العین الثالثہ، کیسوفیم یہودی کالونیم کبیوٹز نیریم ، کیبوٹز بیئری اور دیگر مقامات پر تصادم ہوا۔
بدھ کے روز غزہ میں رفح کے مقام پر زخمی ہونے والا 23 سالہ فلسطینی ناجی میسرہ غنیم زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے دم توڑ گیا۔ اس روز مجموعی طورپر 19 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔
گذشتہ ہفتے کے وسط میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں غزہ میں ایک فلسطینی شہری زخمی جب کہ اشکول یہودی کالونی پر فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں تین یہودی آباد کار زخمی ہوگئے۔ منگل کے روز غزہ اور غرب اردن میں 19 مقامات پرجھڑپیں ہوئیں۔
سوموار کے روز فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ناصر عارف عبدالرؤف العرینی اور 25 سالہ محمد اؒحمد الرضیع جام شہادت نوش کرگئے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 14 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ اس روز مجموعی طورپر 20 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اتوار کو اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر بمباری سے 25 سالہ حسین سمیر العمور، 28 سالہ نسیم مروان العمور شہید ہوئے جب کہ چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔اتوار کو 15 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔
ہفتے کو فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں زخمی ہونے والا ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔ فوجی اہلکار کو مئی میں غرب اردن میں الامعری پناہ گزین کیمپ میں کارروائی کے دوران اینٹ لگی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ ہفتے کو فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان 17 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔