اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ نے ماہ صیام کے دوران فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے عالمی فنڈ ریزنگ مہم شروع کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ’اونروا‘ کے مندوب برائے مشرق بعید و مشرق وسطیٰ پیٹر ملرین نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے یہ مہم ’عزت سب سے قیمتی چیز ہے‘ کے عنوان سے شروع کی گئی جس میں مسلمان ممالک کو خاص طورپر شامل کیا گیا تاکہ ماہ صیام کی مناسبت سے زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کیے جاسکیں۔
’یو این‘ عہدیدار نے کہا کہ ہم دنیا کویہ بتانا چاہتے ہیں کہ فلسطینی پناہ گزین کس طرح کے مالی مسائل کا شکار ہیں اور ان کی کیسے مدد کی جاسکتی ہے۔
پیٹرملرین نے کہا کہ ماہ صیام مسلمانوں کے ہاں ایک مقدس مہینا ہے اور اس ماہ میں مسلمان ایثار کا بڑھ چڑھ کر مظاہرہ کرتے ہیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امداد جمع کرانے کی مہم کافی موثر ثابت ہوگی۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ ریلیف ایجنسی’اونروا‘ کو گذشتہ کچھ عرصے سے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکا کی طرف سے بھی ایجنسی کی مالی مدد کم کردی ہے اس کے علاوہ دوسرے ڈونرز ممالک کی طرف سے بھی خاطر خواہ امداد مہیا نہیں کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں اندرون فلسطین اور بیرون ملک مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کی فلاح بہبود کے کئی منصوبے بند کردیے گئے ہیں۔