چهارشنبه 30/آوریل/2025

غرب اردن: اسرائیلی فوج کی فجر کے وقت کارروائیاں، درجنوں فلسطینی گرفتار

جمعرات 31-مئی-2018

قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں علی الصباح کریک ڈاون کر کے درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں بڑی تعداد ان فلسیطنیوں کی بیان کی جاتی ہے جو حال ہی میں صہیونی زندانوں سے رہا ہو کر آئے۔

الخلیل سے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے السیر میں دھاوا بولا اور  اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے زید القسوامی اور مالک ابو عیشہ کو ایک مرتبہ پھر گرفتار کر لیا۔

اسرائیلی قید سے رہا ہونے والے سیاسی تجزیہ کار ہشام الشرباتی کو الخلیل کے قصبہ قرن الثور میں ان کے آبائی گھر سے حراست میں لیا گیا۔

 اسرائیلی فوج نے الخلیل کے گردونواح میں رہائشی کالونیوں میں دھاوا بولا اور متعدد ایسے فلسطینیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا جو چند دن پہلے ہی اسرائیلی قید سے آزاد ہوئے تھے۔ گرفتار شدگان میں انسانی حقوق کےلیے کام کرنے والے فلسطینی صحافی اسامہ شاہین بھِی شامل ہیں۔ ایک اور صحافی معصب قفیشہ کو بھی اسرائیلی فوج نے الخلیل کے جنوب مشرق میں ان کے گھر سے گرفتار کیا۔

اسرائیلی طیارے رات بھر الخلیل پر نچلی پروازیں کرتے رہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ادھر دوسری جانب اسرائیلی فوج نے نابلس کی معروف رہائشی کالونی پر دھاوا بولا جس کے بعد مقامی افراد کی مزاحمت پر فوج اور شہریوں میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ حملہ آور فوجیوں نے کالونی کے متعدد گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔

اسرائیلی فوج نے اپنی "مہم” کے اختتام پر جنین سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا جبکہ فوجی کارروائی کے دوران متعدد عام شہریوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی