قطری کیلنڈر مرکز کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج 27 مئی بہ روز اتوار بہ مطابق 11 رمضان المبارک 1439ھ کو سورج خانہ کعبہ کے عین عمودی شکل میں اوپر آئے گا اور اس طرح سعودی عرب کے وقت کا تعین کرتے ہوئے دنیا کے کسی بھی کونے سے خانہ کعبہ کی سمت معلوم کی جاسکے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق سورج 12:18 پراور گرینج کے معیاری وقت کے مطابق 9:18 پر سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔
ماہرفلکیات ڈاکٹر بشیر مرزق نے بتایا کہ کرہ ارض کی سطح سے خانہ کعبہ کی درست سمت معلوم کرنے کا ایک یہ طریقہ ہے کہ جب سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر آئے تو اس کو ایک مرکز کے طورپر خانہ کعبہ کی سمت قرار دیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ کی درست سمت معلوم کرنے کے لیے ماضی میں بھی اس فلکی مظاہرے کو استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ سعودی عرب میں یہ نماز ظہر کی اذان کا وقت ہے۔
ڈاکٹر مرزوق نے بتایا کہ رواں سال سورج دو بار خانہ کعبہ کے عین اوپر آئے گا۔ ایک آج ستائیس مئی کو اور دوسرا جولائی میں جب سورج سرطان کے جنوبی مدار سے خط استواء کی طرف مڑتے ہوئےخانہ کعبہ کے عین اوپر آئے گا۔