اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیاہے کہ حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں میں مزید ہزاروں کی تعداد میں مکانات کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی 14 کے نامہ نگار باراک رافید نے بتایا کہ وزیر دفاع اور سول ایڈ منسٹریشن کی پلاننگ کونسل نے متفقہ طورپر غرب اردن کی یہودی کالونیوں میں مزید 2500 گھروں کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ حکومت نے ان گھروں کی تعمیر کے لیے آئندہ ہفتے کام شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔
خیال رہے کہ صہیونی حکومت امریکا کی کھلی سرپرستی میں مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد اسرائیلی حکومت نے یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔