شنبه 03/می/2025

’مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی‘ متنازع پورٹریٹ کا امریکی سفیر کو تحفہ

جمعرات 24-مئی-2018

اسرائیل کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں ایک متنازع تصویر گردش کر رہی ہے جس میں مسجد اقصیٰ کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تصویر بنائی گئی اور وہ پورٹریٹ اسرائیل میں متعین امریکی سفیرڈیوڈ فریڈمین کوتحفے میں پیش کیا گیا ہے۔

اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 پر دکھائی تصویر کے ساتھ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ مذکورہ پورٹریٹ ایک انتہا پسند یہودی تنظیم نے امریکی سفیر کو دی ہے۔ اس پورٹریٹ میں امریکی سفیر کو بھی مسکراتے دیکھا جاسکتا ہے اور اس کے سامنے مسجد اقصیٰ کی بنیادوں پر مزعومہ ہیکل سلیمانی دکھانے کی اشتعال انگیز حرکت کی گئی ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں اس پورٹریٹ پر تبصرے اور تجزیے بھی ہو رہے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ تصویر منصوبہ بندی کے تحت بنائی گئی ہے اور یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکی سفیر مسجد اقصیٰ کو ہیکل سلیمانی میں بدلنے کے صہیونی مطالبے کے پرزور حامی ہیں۔

درایں اثناء ڈاکٹر صائب عریقات نے امریکی سفیر کو تحفے میں پیش کی گئی تصویر کو شرمناک اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں صائب عریقات نے کہا کہ ایک ایسی تصویر جس میں مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تصویر اور ساتھ ہی امریکی سفیر کو مسکرتے دکھایا جانا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اسرائیل اور امریکا مل کر مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی سازشوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل میں متعین امریکا کے موجودہ سفیرڈیوڈ فریڈ مین کو  صہیونیوں کا طرف دار قرار دیا جاتا ہے۔ موصوف فلسطین میں یہودی آباد کاری کے سب سے بڑھ کر پرچارک ہیں۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور امریکی سفارت خانہ کی القدس منتقلی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی