فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی مسلط کردہ جنگوں کے دوران نہتے فلسطینیوں کے قتل عام پر بنائی گئی دستاویزی فلم کو فرانس میں ہونے والے ایک فلمی میلے میں بہترین فلم قرار دیتے ہوئے اسے ایوارڈ دیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ’سنہری آنکھیں‘ کے عنوان سے تیار کردہ اطالوی پروڈیوسر کی فلم کو کین فلمی میلے کے 71 ویں سیشن میں شامل کیا گیا۔
اطالوی پروڈیوسر اسٹیفانو سافونا کی تیار کردہ فلم میں غزہ میں جنگ کے دوران ایک ہی خاندان کے شہید ہونے والے 29 کے واقعے کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ان میں بیشتر بچے ہیں۔
بلیک اینڈ وائیٹ خاکوں اور متحرک تصاویر کی مدد سے تیار کردہ فلم میں سنہ 2008ء اور 2009ء کے درمیان غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جنگ کا احوال بیان کیا گیا۔ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کس طرح فلسطینی شہریوں کا بے دردی سے قتل عام کرتی ہے۔