اسرائیلی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ جنوبی امریکا کے ملک پیرا گوئے نے بھی تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے کل سوموار کو القدس میں سفارت خانے کی منتقلی کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان عمانویل ناحشن نے ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کے دوست ممالک یکے بعد دیگرے اپنے سفارت خانے القدس منتقل کرکے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیرا گوئے کے صدر ھوراسیو کارٹیز آج اتوار کو اسرائیل پہنچیں گے جہاں کل وہ سفارت خانے کی القدس منتقلی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے اسے یہودی قوم کے لیے تاریخی دن قرار دیا۔
قبلا زیں جمعہ کو پیرواگوئے کے وزیرخارجہ ایلادیو لویساگو نے ’ایف ایم ریڈیو 970‘ کو بتایا تھا کہ ان کے ملک نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا ہے۔ عن قریب ہم اسرائیل میں اپنے سفارت خانہ القدس منتقل کریں گے۔
خایل رہے کہ گوئٹے مالا کے بعد پیراگوئے دوسرا جنوبی امریکی ملک ہے جس نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیتے ہوئے سفارت خانہ القدس منتقل کردیا تھا۔