چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ میں قتل عام، سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس کل سوموار کو طلب

اتوار 20-مئی-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کے حوالے سے سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس کل سوموار کو نیویارک میں ہوگا۔ یہ اجلاس کویت کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت کی جانب سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو درخواست دی گئی ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کریں۔ نیز غزہ میں قتل عام کی تحقیقات پرمشتمل رپورٹ 30 رپورٹ میں سلامتی کونسل میں پیش کی جائے۔

کویت کی طرف سے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد میں غزہ میں نہتے مظاہرین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے قصدا غزہ میں احتجاج کرنے والے شہریوں، امدادی کارکنوں، طبی عملے اور صحافیوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

کویت کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے عوام کو عالمی قوانین کے تحت پرامن احتجاج کا حق ہے۔ اسرائیلی فوج نے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کیے ہیں، ان حربوں کی جامع اور آزادانہ تحقیقات کرانے کے بعد تشدد کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی جائے۔

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ کویت کی طرف سے بلائے گئے سلامتی کونسل کے اجلاس میں مجوزہ قرارداد کی منظوری کا امکان نہیں کیونکہ امریکا قرارداد کو ناکام بنانے کے لیے ’ویٹو‘ کا حق استعمال کرسکتا ہے۔ امریکا پہلے بھی ایسی کئی قراردادوں کو ناکام بناتے ہوئے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی حمایت کرچکا ہے۔

خیال رہے کہ 14 مئی کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 64 فلسطینویں کو شہید اور تین ہزار سے زاید کو زخمی کردیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی