چهارشنبه 30/آوریل/2025

انسانی حقوق کونسل کا اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ قابل تحسین ہے

ہفتہ 19-مئی-2018

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انسانی حقوق کونسل کی طرف سے فلسطین میں اسرائیلی فوج کے منظم جرائم کی آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کا اعلان اور عالمی سطح پر اسرائیلی دہشت گردی کی تحقیقات کے مطالبے پر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی حقوق شہزادہ راعد بن الحسین کی طرف سے غزہ میں پرامن مظاہرین کے وحشیانہ قتل عام کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کا اعلان قابل تحسین اور اہم پیش رفت ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ایلچی شہزادہ راعد  الحسین نے غزہ میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی جرائم کی تحقیقات کے لیے عالمی معائنہ کاروں کا ایک وفد غزہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیلی فوج 30 مارچ کے بعد غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہونے والے نہتے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کی مرتکب ہو رہی ہے۔ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران قابض فوج غزہ کی پٹی میں 118 فلسطینیوں کو شہید اور بارہ ہزار سے زاید کو زخمی کر چکی ہے۔

حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں انسانی حقوق کونسل کے موقف کی تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ محض اعلانات سے صہیونی ریاست کے فلسطینیوں کے خلاف جرائم کو روکا نہیں جا سکتا۔ انسانی حقوق کونسل کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

مختصر لنک:

کاپی