فلسطنیی وزارت صحت نے کل بدھ کے روز اسرائیل کی طرف سے بھیجا گیا طبی سامان وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کے لیے یہ امدادی سامان اسرائیلی فوج کے زیرانتظام ڈیوڈ کریسنٹ کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیل کی طرف سے ادویات اور طبی سامان سے لدے تین ٹرک کرم ابو سالم گذرگاہ تک پہنچائے گئے تاہم فلسطینی محکمہ صحت اور دیگر حکام نے صہیونی حکام کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان کے ٹرک وصول کرنے سے انکار کردیا۔ بعد ازاں امدادی ٹرک واپس روانہ کردیے گئے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں ادویات سے لدے تین ٹرک بھیجے تھے تاہم انہوں نے امداد وصول کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد امدادی سامان واپس اسرائیل روانہ کردیا گیا۔
دریں اثناء فلسطینی وزارت صحت کے ڈائریکٹر منیر البرش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت صحت نے مذہبی اور قومی جماعتوں کے مطالبے پر اسرائیل کی طرف سے بھیجی گئی طبی امداد مسترد کر دی ہے۔
البرش نے کہا کہ ہمیں کسی بھی صورت میں صہیونی ریاست کا احسان اٹھانے کی ضرورت نہیں۔ قابض فوج نہتے فلسطینیوں اور بچوں کا قتل عام کرتی ہے اور اس کی طرف سے امدادی سامان وصول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں نہتے مظاہرین پر حملہ کرکے کم سے کم ساٹھ مظاہرین شہید اور تین ہزار سےزاید زخمی کردیے تھے۔